منگلورو ،29؍ مارچ (ایس او نیوز) ایس ایس ایل سی امتحان کے لئے جنوبی کینرا ضلع میں 99 مراکز قائم کیے گئے ہیں ۔ جہاں حجاب تنازع کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے اور پھر اس پر عمل در آمد کے لئے ریاستی حکومت کے سخت تیور کی وجہ سے تناو بھرے ماحول میں طلباء نے امتحان میں شرکت کی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق امتحانی مراکز کے اطراف امتناعی احکامات نافذ کرنے کے علاوہ سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں ۔ ایس ایس ایل سی امتحان کے لئے ضلع میں کُل 28,540 نے رجسٹریشن کیا تھا جن میں سے پہلے دن کُل 28,423 طلباء امتحان میں شریک ہوئے اور 350 طلباء امتحان سے غیر حاضر رہے ۔
امتحان گاہ میں داخل ہونے کے لئے طلباء کو اپنے اپنے اسکول یونیفارم میں آنے کی شرط لگائی گئی تھی ۔ لہٰذا ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا کی ہدایت کے مطابق جن اسکولوں کے یونیفارم میں حجاب شامل ہے انہیں حجاب کے ساتھ امتحان لکھنے کی اجازت دی گئی ۔
اسی طرح ضلع اڈپی سے ملی رپورٹ کے مطابق یہاں 58 امتحانی مراکز میں کُل 13,675 طلباء نے رجسٹریشن کیا تھا جن میں سے 13,558 طلباء نے امتحان دیا اور جملہ 210 طلباء غیر حاضر رہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ان غیر حاضر طلباء میں بڑی تعداد ان بچوں کی ہے جو کورونا کے دوران ان کے والدین اپنے اپنے گاوں چلے گئے تھے اور اب تک وہ لوگ لوٹ کر نہیں آئے ہیں ۔ محکمہ تعلیمات کے ایک سینئر افسر نے وضاحت کی ہے کہ طلباء کی غیر حاضر کے مختلف دوسرے اسباب ہیں اور حجاب کی وجہ سے کوئی بھی طالبہ غیر حاضر نہیں رہی ۔